فیصل آباد(محمد حمزہ)ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد صفائی کی صورتحال کو چیک کرنے کے لئے صبح کے وقت نعمت کالونی نمبر 1،2،آفیسر کالونی،فیضان مدینہ سمیت ملحقہ علاقوں کی گلی محلوں میں پہنچ گئے اور سٹرکوں وگلیوں میں صفائی آپریشن کو تفصیلی چیک کیا۔سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزکاشف رضا اعوان،ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ اور ایف ڈبلیو ایم سی ودیگرمحکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے علاقوں میں ویسٹ ورکرز کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کا اعلی ترین معیار ہمہ وقت قائم رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کا معیار بلند کرنے کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کی توقعات کے مطابق شہر ہر لحاظ سے صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔انہوں نے کوڑا کرکٹ کو مناسب اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے اور ویسٹ ورکرز کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے گلی محلوں میں موجود مرد وخواتین سے عملہ صفائی کی کارکردگی دریافت اور بعض شکایات پر سی ای او کو فوری ایکشن لینے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے پارکوں کا بھی دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ پارکوں کا رخ کرنے والوں کو صاف ستھرا ماحول نظر آنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر ہفتہ باقاعدگی سے علاقوں کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال چیک کی جارہی ہے جس کا مقصد صفائی آپریشن کو چوکس رکھنا اور عوام الناس میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لئے احساس اجاگر کرنا ہے تاکہ مشترکہ کاوشوں سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔