فیصل آباد(حمزہ اکرم)ایف ڈی اے سٹی میں ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے سٹریٹ لائٹس کے منصوبے مکمل کئے جائینگے اس سلسلے میں محکمانہ اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر نے ایک اجلاس کے دوران ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کاجائرہ لیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سانول ملک، طلحہ تبسم ودیگر افسران موجود تھے۔اس موقع پر بتایاگیا کہ دو کروڑ بیس لاکھ روپے کی لاگت سے اے بلاک کے ڈبل روڈ پر پولز اور لائٹس نصب کی جائیں گی جبکہ ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی لاگت سے ایف ڈی اے سٹی کے مین بلیو ارڈ میں پرانی لائٹس کوجدید و خوبصورت لائٹس میں تبدیل کرنے کے علاوہ ایسی ہی مزید لائٹس بھی لگائی جائیں گی جس سے رات کے وقت روشنی میں اضافہ اور سکیورٹی امور میں بہتری آئیگی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ چاردیواری کے قابل مرمت حصوں کی تعمیرو بحالی کیلئے تیز رفتار اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی امور پر خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہئے اس ضمن میں جاذب نظر شجرکاری کیلئے منصوبہ بندی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی کی تیز رفتار ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی اس ضمن میں الاٹیز کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن میں بقیہ بلاکس میں بجلی کی فراہمی کیلئے متعدد فیڈرز کو چالو بھی کیاجارہاہے۔ انہوں نے شعبہ انجینئر نگ کے افسران سے کہاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر پراگریس کاجائرہ لیں تاکہ تعمیراتی کاموں میں کوئی تعطل نہ آئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر نے بعد ازاں ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس کا دورہ کیاوہاں صفائی ستھرائی، شجرکاری، سکیورٹی اموراور جاری ترقیاتی کاموں کاجائرہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔