فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) میں انسداد ڈینگی اقدامات عید الاضحی کی تعطیلات میں بھی جاری رہیں گے اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور اینٹی ڈینگی سرویلنس پر مامور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح طور پر کہا کہ انسداد ڈینگی سرویلنس پر مامور ٹیمیں مشتبہ مقام پر ذمہ دارانہ اور تسلی بخش چیکنگ کریں اورتمام ترسرگرمیاں حقیقی ہونی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ زیرالتواء شکایات ترجیحی بنیادوں پر نمٹاکر رپورٹ کریں اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز اپنی سطح پر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انسدادی اقدامات میں معمولی سی بھی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر متعلقہ محکمہ جوابدہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز ڈینگی کے خلاف انسداد سرگرمیوں کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کررہے ہیں لہذا فیلڈ میں آنکھیں کھلی رکھیں۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس،اینڈرائڈ موبائل یوزر کی کارکردگی اور انسدادی اقدامات پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر محکموں کے افسران بھی ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس میں منعقدہ اجلاس میں شریک تھے۔