فیصل آباد(حمزہ اکرم)فیصل آباد کے لئے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔انہوں نے اپنے دفتر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اورسٹاف سے ملاقات کی اور انہیں دفتری نظم وضبط ودیگر دفتری امور کے بارے میں اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اعلی نظم و نسق کو برقرار رکھنے،عوامی ریلیف، ضلعی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے سلسلے میں حکومت پالیسیوں پر موثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ دفتری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور دیانتداری کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کرنے اور عوامی مسائل کے تیز رفتار حل پر زور دیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ڈی سی آفس کے ویٹنگ ایریا میں موجود شہریوں کے پاس پہنچ گئے اور ان کے مسائل سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو ان کے ترجیحی حل کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ وہ منگل 2۔اگست سے روزانہ صبح 9:30 سے 10:30تک اپنے دفتر سے باہر بیٹھ کر شہریوں کے مسائل وشکایات سنیں گے۔شہری اس ضمن رجوع کریں ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔