فیصل آباد(حمزہ اکرم)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈی سی کمپلیکس میں دوسرے روز بھی ریونیو عوامی خدمت کچہری لگاکر شہریوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات سنی اور ان کے حل کے احکامات جاری کئے گئے۔ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے شہریوں کے مسائل سنے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل قیصر عباس رند، اسسٹنٹ کمشنرسٹی و صدرمحمد عمر مقبول اور صاحبزادہ محمد یوسف نے بھی شہریوں کی درخواستوں پر ریونیو افسران کو رپورٹ کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنرریونیو عوامی خدمت کچہری کے دوران مسئلہ دریافت کرنے معذور شخص کی نشست پر پہنچ گئے اورمتعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو فی الفور داد رسی کی تاکید کی۔انہوں نے بتایا کہ ہر ماہ کے پہلے دو دفتری دن صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر حل کئے جاتے ہیں جہاں ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنرز تا پٹواری تک ریونیو عملہ ایک چھت تلے موجودرہ کر شہریوں کے درستگی نام،فردوانتقالات کا اجراء،رجسٹری،انکم سرٹیفیکیٹ،معائنہ ریکارڈ،رجسٹری ودیگر ریونیو امور تیزی سے نمٹارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مال عوامی خدمت میں پیش پیش اور ریونیو عوامی خدمت کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل بلکہ ان کے اعتماد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ کچہری اب دو لگاتاردن لگائی جارہی ہے۔ریونیو عوامی خدمت سروسز میں تحصیل سٹی وصدرکے درخواست گزاروں نے مسائل کی نشاندہی کی جن میں سے متعدددرخواستوں کو موقع پر نمٹادیا گیا۔