فیصل آباد(حمزہ اکرم)وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران سے آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں شہر کے صنعتی علاقوں میں سیوریج سسٹم کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹرنے کہا کہ ایسا سسٹم قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں کسی بھی صورت فیکٹریاں بند نہ کی جائیں جس کے لئے صنعتی یونٹس مالکان کے ساتھ مل کر موثر اور جامع پلان تشکیل دیا جائے گا۔فیصل آباد کی انڈسٹری کو ایسا بنا رہے ہیں کہ وہ آزادانہ طور پر کام کر سکیں اس سے واسا کے ریونیو میں اضافہ ہو گا جبکہ انڈسٹریز بھی اپنی فل کپسٹی میں آپریشنل رہیں گی جس سے ملکی معیشت بہتر ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی اداروں سے ملحقہ آبادیوں کے سیوریج مسائل کے حل کے لئے مشترکہ منصوبہ بندی کررہے ہیں جس میں ڈیزائن اور کنسلٹینسی واسا کرے گا جبکہ اخراجات صنعتی یونٹس مالکان اٹھا لیں توان مسائل کا مستقل حل نکل سکتا ہے جو کہ اولین ترجیح ہے۔وائس چیئرمین واسانے کہا کہ واسا حکام اور صنعتی یونٹس مالکان کی آج کی میٹنگ میں انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں طرف سے متعدد تجاویز بھی سامنے آئیں ہیں جن میں قابل عمل تجاویز پر کام کیا جائے گا۔اپٹپٹما کے نمائندے یاسر شاہ نے کہا کہ چینل فور میں ڈی سلٹنگ کا ایشو ہے جس پر ایم ڈی واسا نے چینل فور پر فوری طور پر ڈی سلٹنگ کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔اس موقع پر واسا کے زیر انتظام عوامی شعور اجاگر کرنے کی مہمات میں اپٹپٹما کی جانب سے بھرپور معاونت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اپٹپٹما کے سیکرٹری محمد اشرف نے ایم ڈی واسا اور وائس چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو بھی پالیسی شروع کی جائے اسے مکمل کیا جانا چاہیے،جلد ایم ڈی واسا اور وائس چیئرمین کو اپٹپٹما میں مدعو کریں گے جس میں تمام سیکٹرزکے نمائندے شریک ہونگے اور مل جل کر کام کرنے کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔