فیصل آباد(حمزہ اکرم)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے شجر کاری مہم کے فروغ کے حوالے سے شہر کے دو پوائنٹس مین گیٹ باغ جناح اور ڈی گراؤنڈ میں شہریوں وطالب علموں میں قد آور 6 ہزار پودے مفت تقسیم کئے گئے۔ڈویژنل کمشنر زاہد حسین نے باغ جناح کے داخلی راستہ پر شہریوں اور طالب علموں میں پودے تقسیم کئے۔ڈی جی پی ایچ اے رائے نعیم اللہ بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد اور شکیل شاہد نے بھی پودے تقسیم کئے۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ شہریوں میں پودے تقسیم کرنے کا مقصد آکسیجن میں اضافہ کرنا ہے اور ڈویژن بھر میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف پی ایچ اے کا رواں سیزن میں ڈیڑھ لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ ہے اور اکتوبر تک 50 ہزار پودے لگادیئے جائیں گے جن کی حفاظت کے لئے بھی پی ایچ اے کا عملہ متحرک کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام پودوں کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے تاکہ ان کی نشوونما اور تعداد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہریوں میں مفت پودوں کی تقسیم کا مقصد ہارٹیکلچر کو فروغ اور شہریوں میں شجر کاری کے رجحان کو تقویت دینا ہے۔ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ باغ جناح اور ڈی گراؤنڈ میں ایک دن میں 3/3 ہزار پودے مفت تقسیم کئے گئے۔