فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے مینجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران کے ہمراہ فرنچ پراجیکٹ فیز ون کا دورہ کیا اور نہری پانی سے پینے کے پانی کی تیاری اور سپلائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ایم ڈی واسا ابوبکر عمران نے ڈی جی ایف ڈی اے کو واسا فیصل آباد کے زیر انتظام فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر اب تک ہونے والی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی جسے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اینے سراہا اور کہا کہ شہریوں کو پینے کی پانی کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور فرنچ پراجیکٹ فیزون کے باعث شہر کے مشرقی حصے کی آبادی کو پانی کی فراہمی ایک احسن اقدام ہے جس پر فرانسیسی حکومت کے شکر گزار جبکہ واسا انتظامیہ کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے جہاں پینے کے پانی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی اس کے ساتھ ساتھ ویسٹ واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے سے شہریوں کو ماحولیات کے حوالے سے بھی ریلیف حاصل ہو گا۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے بتایا کہ ویسٹ واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کو ترقی یافتہ ممالک میں ہیلتھ فیکٹری قرار دیا جاتا ہے اس لئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے سے شہریوں کو صحت مندانہ ماحول مہیا ہو سکے گا،اس میگا پراجیکٹ کے باعث سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد فصلوں کے لئے استعمال کیا جائے گا جس سے ایک طرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد جبکہ دوسری طرف فصلوں کے لئے درکار پانی بھی مل سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو اور جائیکا کے فارن فنڈڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے مشرقی حصے کی 5 لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کا پانی مہیا ہو گا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے بتایا کہ ڈینش حکومت کے تعاون سے اس میگا پراجیکٹ پر کنسلٹینٹ کی سلیکشن کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ کنٹریکٹر کے چناؤکے لئے ٹینڈر ڈاکومنٹس مکمل کئے جارہے ہیں۔ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا منصوبہ فیصل آباد کے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک انتہائی کلیدی نوعیت کا پراجیکٹ ہے جس سے شہریوں کی کثیر تعداد استفادہ کریگی۔