فیصل آباد (حمزہ اکرم) جامعات میں طلبہ کیلئے ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں شخصیت سازی میں کلیدی کر دار ادا کرتی ہیں جس کیلئے زرعی یونیورسٹی بھر پور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ان باتوں کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے آفس آف سینئر ٹیوٹر کے زیر اہتمام مرکزی تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ میں چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے بہترین ماحول فراہم کئے بغیر مقابلہ جاتی فضا میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں آسکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ گولڈ میڈل، یونیورسٹی کلراور اعزازی شیلڈز ہزاروں میں سے چند نوجوانوں کے حصے میں آیا کرتی ہیں جو انہیں ابلاغی مہارتوں کے ساتھ پر اعتماد مستقبل کی شروعات کیلئے بے حد ضروری ہیں۔بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزماں نے کہا کہ ٹیلنٹ ایک ایسا دھاراہے جو اپنے لیے خود بخود راستہ بناتا ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نوجوان نسل موبائل فون کے چمک دار چوکھٹے سے باہر نکل کر حقیقی صلاحیتوں کے ذریعے اپنی مہارتوں کا سکہ منوانے پر توجہ دیں گے۔سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے غیر نصابی سرمیوں میں گولڈ میڈل اور دیگر اعزازات حاصل کرنے والے سکالرز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 44طلبہ نے گولڈ میڈل اور 52نے یونیورسٹی کلر حاصل کئے۔ان میں سے نمایاں نا م یہ ہیں ہماپریا،وسیم عباس،محمد علی قمر،سید علی، شعیب عزیز، خرم شہزاد،محمد حارث،مکرم اعجاز،نوید الیاس،ہارون رشید،محمد رضوان،عروبہ طلعت،ارسلان علی،ازقہ حسن، طلحہ فاروق،عمار طفیل،سیماب،عبدالحسیب،توصیف طارق،زبیر خالد،یابیز طاہر،محمد ارشاد،ربیعہ لطیف،علی حسن، گل حوریہ،مہروز آصف،محمد مدثر،حمزہ طارق،احتشام اکبر،عثمان خادم،محمد سعد،نعمان حیدر، فہد بشیر احمد کمال،شاہزیب،آصف علی،اسامہ،جہانزیب،خضرہ فاروق،ثمن اور حافظ اسد شامل ہیں۔