فیصل آباد(حمزہ اکرم)نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن فیصل آباد(نافع) کے زیراہتمام تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی والے اساتذہ میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب چناب کلب میں منعقد ہوئی۔ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیازاس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔سی ای او ایجوکیشن افتخار خان اور تنظیم اساتذہ پاکستان کے قائد حافظ عبدالناصر بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنرنے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیچر کو ایک لاکھ روپے انعام کا چیک دیا۔تقریب میں مردو خواتین اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ڈائریکٹر نافع ڈاکٹر سعید آفتاب اور ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری سلیم گجر نے تقریب کے انعقاد کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔دوم اورسوم پوزیشنز حاصل کرنے والے اساتذہ کو پچاس،پچاس ہزارروپے کا انعام دیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے تقریب کے انعقاد کوسراہا اور کہا کہ اساتذہ معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار اداکر تے ہیں اور طلباء کے مستقبل کے تعین میں بھی ان کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ استاد بلاشبہ قوم کے معمار ہیں جو علم کی شمع روشن کررہے ہیں آج ہم جس مقام پر ہیں وہ اساتذہ کی محنت کانتیجہ ہے۔استاد کو روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے اور ٹیچرز کی عزت کرنے والے معاشرے ہی ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔