فیصل آباد(محمد حمزہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق پورے پاکستان کی طرح ضلع فیصل آباد میں بھی نیشنل ووٹرز ڈے پورے جو ش و خروش سے منایا گیااس سلسلہ میں دفتر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرI اینڈ II عرفان کوثر اور باسل اکرم کی صدارت میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمن،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد سرور،الیکشن آفیسر زرویہ امجد،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ، سابقہ اعزازی ڈپٹی کمشنر مروا بسرا،خواجہ سراء کمیونٹی سے جکسن اور مختلف محکموں واداروں کے افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر کالج کے طالب علم جنید الرحمن نے نیشنل ووٹر ڈے کی اہمیت پر انگریزی میں پر اثر تقریر کی۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرII نے نیشنل قومی ووٹرز ڈے کو منانے کے مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیااور کہا کہ 1970ء میں پاکستان میں پہلی بار ایک فرد ایک ووٹ کی بنیاد پر پہلے جنرل الیکشن ہوئے جس کی مناسبت سے ہر سال 7دسمبر کو نیشنل ووٹر ز ڈے منایا جاتا ہے جس میں ہر طبقہ فکر کے افراد کو ووٹ اندراج اور حق رائے دہی کے درست استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے تاکہ جمہوریت اور جمہوری عمل کو مضبوط کیا جاسکے۔انہوں نے تقریب میں شریک محکموں کے افسران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ جنرل وضمنی انتخابات میں محکموں کی طرف سے بھرپور تعاون کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اہمیت سے آگاہی ناگزیر ہے اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی طرف سے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے خواجہ سراء کمیونٹی کی طرف سے ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے درپیشں بعض مسائل کے حل کے لئے بھی ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرI نے ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے آگاہی ضروری ہے تاکہ ووٹوں کے مسترد ہونے کی شرح میں کمی لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرکے جمہوری عمل کو مضبوط کریں۔خواجہ سراء نے کمیونٹی کو تقریب میں مدعو کرنے پر شکریہ اداکیا۔تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر،مروا بسرا ودیگر شرکاء نے بھی قومی ووٹرز ڈے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سیمینار کے اختتام پر دن کی مناسبت سے آگاہی واک بھی منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سیبینرز وپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔