فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہداکرام کی ہدایت پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اس ضمن میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بلامنظوری قائم کی جانیوالی پانچ ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچے مسمار اور ان کے دفاتر کو سیل کردیا جبکہ غیر قانونی تعمیرات پر پانچ پلاٹس کو بھی سربمہرکرکے ان کی تعمیر کا کام روک دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی انسپکشن کی تو چک نمبر218 کی اراضی میں بننے والی ہاؤسنگ سکیموں وادی اسماعیل، النور سٹی،نوید پارک او ر دسوہہ میں اضافی آبادی کو غیر منظور شدہ پایاجن کے دفاتر کو سربمہر کرکے وہاں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیاگیا۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ڈویلپرز کوتاکیدکی گئی ہے کہ وہ منظوری حاصل کئے بغیر ہاؤسنگ سکیم کے اجراء سے اجتناب کریں اور اسکی تشہیر بھی نہیں کی جاسکتی بصورت دیگر قانون شکنی کی صورت میں قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔عوام الناس کو آگاہ کیاگیاہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اسکی قانونی حیثیت کو ضرورچیک کرلیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی ٹیم نے غیر قانونی تعمیرات پر علامہ اقبال کالونی میں کوارٹر نمبر 466-K،601-L، 541-L، 414- اور 542-Lکو سربمہر کرکے تعمیراتی کام کو روک دیا۔