فیصل آباد(حمزہ اکرم)خصوصی بچوں کی تعلیم و بحالی کی سرگرمیوں میں سماجی خوشیوں کی تقریبات کا اہتمام خوش آئند اقدام ہے جس سے ان میں احساس محرومی کا خاتمہ ہوسکتا ہے یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان نے تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپ دھوبی گھاٹ میں خصوصی بچوں کیلئے منعقدہ "ونٹرفیسٹیول”میں بطورمہمان خصوصی اظہارخیال کرتے ہوئے کہی۔صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد،جنرل سیکرٹری سبحان علی،پرنسپل کلثوم افتخار،وائس پرنسپل شائستہ ارشاداور دیگر فکلٹی ممبرزاس موقع پر موجودتھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے عوام میں غبارے چھوڑکر”ونٹرفیسٹیول” کاافتتاح کیااور مختلف سٹالز کامعائنہ کرتے ہوئے سردی کے موسم کے کھانوں،ڈرائی فروٹ،گرم ملبوسات اور فیسٹیول کی مناسبت سے دیگر اشیاء کی نمائش دیکھی۔وہ مختلف کلاسز کے خصوصی بچوں سے گھل مل گئے اور ان سے پیارومحبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی طورپر مختلف معذوریوں میں مبتلا بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے ایسے بچوں کے والدین کی آزمائش میں ہم سب کو سہارابنناچاہیے۔انہوں نے سردی کے موسم کے استقبال کی مناسبت سے "ونٹرفیسٹیول” کے انعقاد کو بے حد سراہا اور کہا کہ موسمی تہوار ہماری سماجی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہیں جن میں خصوصی بچوں کی شمولیت قابل قدراقدام ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے جاری تنظیم اللسان کی فلاحی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور سرپرستی اور تعاون کا یقین دلایا۔قبل ازیں صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے بریفنگ کے دوران بتایاکہ پلے گروپ سے پوسٹ گریجوایشن کی سطح تک کی تعلیم کے ساتھ ساتھ خصوصی بچوں کو مختلف فنون کی تربیت کے علاوہ ان کے لیے مختلف مذہبی و موسمی تہواروں پر ہمہ نوعیت کی تقریبات کا اہتمام بھی کیاجاتاہے۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کے والدین کیلئے بھی تربیتی سیشن منعقد کرکے انہیں بچوں کی سائنسی بنیادوں پر دیکھ بھا ل کے طریقوں اور عوام سے آشنائی کرائی جارہی ہے۔انہوں نے "ونٹرفیسٹیول” میں شرکت کرنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان کا شکریہ اداکیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپ کے احاطہ میں پودابھی لگایا۔