فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے تحصیل سمندری کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے شوگر ملز کا دورہ کرکے کریشنگ سیزن پر عملدرآمد کا جائزہ لیااور کہا کہ کسانوں کے حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کاشتکاروں سے سی پی آرز کی ادائیگیوں بارے دریافت کیا جبکہ گنا لے کر آنے والی ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز کی تنصیب بھی چیک کی۔انہوں نے کہا کہ کریشنگ سیزن کے اختتام تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ دورہ سمندری کے دوران اچانک پٹرول پمپس پر پہنچ گئے اوروزن کے پیمانے چیک کئے۔انہوں نے صارفین کو پورا فیول ملنے کے عمل کو چیک کیااورکہا کہ پیمانوں میں ہیراپھیری یاگڑبڑکرنے والے جیل جائیں گے۔انہوں نے پٹرول پمپ پرنامکمل فائرسیفٹی انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واش رومز میں صفائی کی ابتر صورتحال پر پمپ مالک کی سرزنش اورصفائی کا اعلی معیار،حفاظتی انتظامات کو مکمل کرنے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے زیر تعمیر اسسٹنٹ کمشنر آفس کا بھی دورہ کیا اورعمارت کی تعمیراتی پیشرفت پر بریفنگ لیتے ہوئے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے اور پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کرنے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنرنے اراضی ریکارڈ سنٹرسمندری کا دورہ کیااوردرخواست گزاروں کو فردات کے اجراء سمیت ریونیو سے متعلقہ دیگرسروسز کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ نظام کی جدت عوام کی سہولت کے لئے قائم اراضی ریکارڈ سنٹر کی سروسزکا معیار بلند ہونا چاہیے۔انہوں نے موقع پر موجود درخواست گزاروں سے بھی ملاقات کی اور سروسزکی فراہمی بارے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل سمندری کے دورہ کے موقع پر فارمیسیز کا اچانک دورہ کیا اورادویات کی دستیابی اور قیمتوں وتاریخ تنسیخ چیک کی۔انہوں نے سیل پرچیز ریکارڈاور ادویات کو محفوظ کرنے کے انتظامات دیکھے۔انہوں نے کہا کہ فارمیسی ومیڈیکل سٹورز پرادویات مقررہ نرخوں پر ہی فروخت ہونی چاہیں اس ضمن میں اوورچارجنگ سے بازرہیں۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل بھر میں صفائی کا اعلی ترین معیار قائم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ مراکز کی اچانک انسپکشنز کے ساتھ مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر کی سروسز کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر بنانا ترجیح ہے۔انہوں نے شہری وعوامی مسائل اجاگر کرنے کے سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز مدثر احمد شاہ،فیصل سلطان بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنر سمندری علیزہ ریحان نے ڈپٹی کمشنر کو تحصیل کے جملہ انتظامات پر بریفنگ دی۔