فیصل آباد(حمزہ اکرم)انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیر اہتمام منشیات کے انسانی صحت پر نقصانات کے موضوع پرگورنمنٹ ملت ڈگری کالج غلام محمد آبادمیں آگاہی سیمینارمنعقد ہوا۔میڈیکل سوشل آفیسرعائشہ انجم،جنرل سیکرٹری انوارخان،پرنسپل ڈاکٹر منیر،ماہر نفسیات ڈاکٹر حسنین چٹھہ،جوائنٹ سیکرٹری آمنہ اکرم،اساتذہ اور طالب علم بھی موجود تھے۔میڈیکل سوشل آفیسرنے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ نوجوان نسل ہمارا روشن مستقبل اور والدین کی امیدوں کا مرکز ہیں جنہیں منشیات کے نقصانات سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے تاکہ وہ اس لعنت سے دور رہ کر اپنا مستقبل سنواریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں نشہ سے انکار زندگی سے پیار کا پیغام عام کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے۔پرنسپل ادارہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کا عادی بننے سے روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ماہر نفسیات نے نشہ کے صحت پر ہونے والے مضر نقصانات اور علاج کے حوالے سے مفید مشورے دیئے۔جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات نے نشہ کے نقصانات سے آگاہی کے لئے جاری کاوشوں سے آگاہ کیا۔