فیصل آباد(محمد حمزہ)ریجن کی تاریخ کو محفوظ کرنے کے لئے عوام لائلپور میوزیم فیصل آباد کو نایاب اشیاء عطیہ کریں اسی مہم کے تحت ایک شہری نے اپنے آباؤ اجداد کی حکمت کی نادر اشیاء،اوزار،نایاب کتابیں لائلپور میوزیم کو عطیہ کر دیں جنہیں عجائب گھر میں سجا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی حکیم اسد ولی نے اپنے دادا حکیم حازق ولی محمد جنجوعہ کی ذاتی زندگی میں زیر استعمال طبی اشیاء لائلپور میوزیم کو عطیہ کیں جن میں دوائیاں تیار کرنے والے آلات جیسے ہاون دستے،کتابیں اور سرٹیفیکیٹس شامل ہیں جنہیں ڈائریکٹر لائلپور میوزیم میاں عتیق احمد کی ہدایات کے مطابق میوزیم شوکیس میں ڈسپلے کر دیا گیا ہے۔شہری کا کہنا تھا کہ اس کے دادا حکیم حازق ولی نے 1937ء میں طب کا کورس مکمل کیا اس زمانے کے کورس کی کتابیں ان کے طبی آلات کو سنبھالنے اور عوام کی آگاہی کے لئے انہوں نے تمام اشیاء عجائب گھر کو تحفہ کر دی ہیں اب ان کو خوشی ہے کہ تمام اشیاء یہاں محفوظ رہیں گی۔ڈائریکٹر لائلپور میوزیم کے مطابق یہ اشیاء لائل پور کے ابتدائی دور کی ہیں میوزیم میں ان اشیاء کا ڈسپلے عوام کو اس دور کے طریقہ علاج کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گا۔ان کا مزہد کہنا تھا کہ ایسے عوام جن کے پاس کوئی تاریخی اشیاء موجود ہیں وہ لائل پور میوزیم کو عطیہ کریں تاکہ ریجن کی تاریخ کے ہر پہلو کو یہاں محفوظ کیا جا سکے۔