فیصل آباد(محمد حمزہ)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کی ہدایت پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ایک ہاؤسنگ سکیم میں بلامنظوری توسیع کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا جبکہ بلڈنگ پلان کی منظوری حاصل کئے گئے بغیر تعمیرات شروع کرنے پر گلستان کالونی میں پلاٹ کو سربمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کوچیک کیاتو مسجد اسماعیل روڈ پر لاثانی گارڈن میں منظوری کے بغیر توسیع کی جارہی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا اورڈویلپرز سے کہاگیا کہ وہ سکیم میں توسیع کرنے کیلئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ مزید برآں ایف ڈی اے کی ٹیم نے گلستان کالونی نمبر2 میں پلاٹ نمبر141-Bپر نقشہ کی منظوری کے بغیر تعمیرات کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے پلاٹ کوسیل کرکے تعمیرات کو روک دیاگیا۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے خبردار کیاگیاہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں غیر قانونی تعمیرات سے اجتناب کیاجائے بصورت دیگر قانون شکنی پر قصور وارخود ذمہ دار ہونگے اور وہ تعمیرات جاری نہیں رکھ سکیں گے۔