فیصل آباد(محمد حمزہ)ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کے مالکان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سمارٹ کارڈز کے اجراء کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں جن پر عنقریب عملدرآمد شروع ہوجائیگا۔ یہ بات ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جو ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل عابد حسین بھٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پراپرٹی مالکان کو سمارٹ کارڈز کے اجراء کے انتظامات کا جائز ہ لیاگیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر آپریشن (ایچ ٹی ٹی آئی)قسیم علوی ودیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پراپرٹی مالکان کو سمار ٹ کارڈز کے اجراء کے دفتری و فنی تقاضوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیاگیا کہ ایف ڈی اے میں آئندہ ٹرانسفر ہونیوالی جائیدادوں کے سیل ایگر یمنٹ/سیل ڈیڈکے آرڈرز جاری کرنے کے ساتھ مالک جائیداد کو سمار ٹ جاری کیاجائیگا جس میں جائیداد کی تمام تر تفصیلات دستیاب ہونگی جبکہ جائیدادوں کے جن ریکارڈز کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو چکی ہے ان کے مالکان بھی سمارٹ کارڈز حاصل کرسکیں گے۔ ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ بقایا ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کاکام تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ کارڈ کی ڈیزائننگ منفرد، پرکشش، معیاری اور ہرطرح سے محفوظ ہونی چاہئے تاکہ شفافیت کے مقاصد کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کیاجاسکے۔ انہوں نے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران سے کہاکہ وہ دفتری امور میں ایڈوانس ٹیکنالوجی کی ترویج پر خصوصی توجہ دیں اور سمارٹ کارڈ کے تمام تر فنی تقاضوں کو پورا کیاجائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ ایف ڈی اے کی سروسز کوجدت سے ہمکنار کرنے کے لئے مزید انقلابی اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جائیگا تاکہ شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے ساتھ میرٹ اور شفافیت برقرار رہے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ نے سمارٹ کارڈ کے اجرا کے لئے اقدامات کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔