فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی)نے ماحول دوست انداز میں جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا ہے جس کے مطابق عید سے ایک دن قبل تمام عارضی کولیکشن پوائنٹس کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔عید الاضحی کا صفائی آپریشن پرائمری و سیکنڈری کولیکشن کے ساتھ عید کے تیسرے روز تک بلاتعطل جاری رہے گا۔صفائی پلان کے مطابق جدید مشینری کے ساتھ ویسٹ ورکرز کی تعیناتی، اہم شاہروں و یونین کونسلوں میں 40آگاہی کیمپس کا قیام،15عارضی ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز،شہر کی بڑی مساجد اور عید گاہوں میں صفائی کے علاوہ ایک روز قبل اہم مقامات و مارکیٹوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔عید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے عید کے پہلے دن چھوٹی و بڑی 543 گاڑیاں استعمال کی جائیں گی جن میں منی ٹپرز، ڈمپرز اور لوڈر رکشے شامل ہیں۔ یہ گاڑیاں یونین کونسلوں سے جانوروں کی آلائشیں و فضلہ جات اٹھانے کیلئے استعمال کی جائیں گی۔اسی طرح عید کے دوسرے و تیسرے دن بھی گاڑیاں استعمال ہوں گی۔صفائی پلان کے تحت جانوروں کی آلائشوں کو موثر انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے 75ہزار بائیو ڈیگریڈایبل بیگز بھی تقسیم کئے جائیں۔یہ ویسٹ بیگز ایف ڈبلیو ایم سی کے آگاہی کیمپس اور ماڈل کیمپس پر بھی دستیاب ہوں گے۔عیدالاضحی کے تیسرے دن اجتماعی قربان گاہوں کی مکینیکل واشنگ بھی صفائی پلان کا حصہ ہیں۔آلائشوں کی ماحول دوست انداز میں تلفی کیلئے ڈمپ سائٹ پر تین خندقیں کھودی گئی ہیں جہاں شہر بھر سے اکٹھی کی جانے والی آلائشیں دفن کی جائیں گی۔شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شکایات کے اندراج اور فیڈ بیک کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جس میں شہری ایف ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر صبح 6بجے سے شام 7بجے تک شکایت درج کروا سکیں گے یہ کنٹرول روم عید کے تیسرے دن تک فعال رہے گا۔اس کے علاوہ پہلی مرتبہ واٹس ایپ نمبر 0315-7771139بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عظیم شوکت اعوان کا کہنا ہے کہ عید الاضحی کے میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام افسران و ماتحت عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔افسران کوفیلڈ میں رہنے اور موثر مانیٹرنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔عید الاضحی پر صفائی کے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے ضلعی اداروں، علماء و سول سوسائٹی کے ساتھ بھی عید پلان شیئر کیا جا رہا ہے۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مزید کہا ہے کہ عید پر صفائی پلان کو ہر طرح سے جانچ پرکھ کر تیار کیا گیا ہے جس کے کامیاب اطلاق کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی لیکن اس میں حکومت کے عز م کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور شہریوں کا ساتھ بھی اشد ضروری ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ آلائشوں کو جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے ایف ڈبلیو ایم سی کے عملہ کے حوالے کریں اور صفائی سے متعلق شکایات کے لئے ہماری ہیلپ لائین 1139یا واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کریں۔