فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہسپتالوں کی اچانک انسپکشن کا عمل جاری ہے لہذاہسپتالوں کے انتظامی افسران طبی سہولیات کو چوکس اور مریضوں کی معمولی سے معمولی شکایت کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ عوام کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے یہ ہدایت الائیڈ ہسپتالII کے اچانک معائنہ کے موقع پرجاری کی۔ ڈپٹی کمشنر مختلف وارڈز اور شعبوں میں گئے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کاباریک بینی سے جائزہ لیا۔انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف کی حاضری چیک اور مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجہ کی فراہمی اور ادویات کی دستیابی بارے دریافت کیا۔انہوں نے مشینری کی ورکنگ حالت کا جائزہ لیا اور کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے معیار کوبھی دیکھا اور ہمہ وقت صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کا حکم دیا۔انہوں نے ادویات کے سٹور سمیت ڈینگی وارڈکا بھی دورہ کیا اور ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کے علاج کے لئے دستیاب وسائل پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہسپتال کے وارڈز میں ایئرکنڈیشنڈ کے فعال ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ رات ہسپتال میں قیام کرنے والے مریضوں کے لواحقین کو بھی بہترین سہولیات میسر رہنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے اور وہ ہسپتالوں کے اچانک دورے بھی کررہے ہیں لہذا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت تمام انتظامی افسران چوکس رہیں اس ضمن میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔