فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے شہر کی مرکزی شاہرات پرایک ہی طرز کے ماڈل ریڑھی بازارقائم کئے جارہے ہیں اس ضمن میں ستیانہ روڈ اور پہاڑی گراؤنڈ بٹالہ کالونی میں ریڑھی بازار فعال ہوگئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ماڈل ریڑھی بازارکے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عزیر علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر مختلف پھل وسبزیوں کی قیمتوں کو بھی چیک کیااورصارفین کی شکایات کے اندراج کے لئے ڈیسک بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ریڑھی فروشوں کو ٹیگ نمبردیا جائے تاکہ خریداراشیاء کے معیار،قیمتوں اور کوالٹی سے متعلق حکام کو آگاہ کرسکیں۔انہوں نے ریڑھی بازاروں میں نرخ نامے آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اسی طرز کے ماڈل ریڑھی بازار ہر شاہراہ پر قائم کئے جائیں گے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن نے ماڈل ریڑھی بازار کے قیام پر بریفنگ دی۔