فیصل آباد(حمزہ اکرم)آرٹ لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔گھٹن اور منتشر رویوں کو بدلنے اور حساسیت کو ابھارنے کا کام کرتا ہے ان خیالات کا اظہار معروف آرٹسٹ آر۔نعیم (تمغہ حسن کارکردگی) نے آرٹس کونسل فیصل آباد میں قدیم اور جدید فن مصوری کی نمائش کے افتتاح اور اس حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جی سی یونیورسٹی ٹیکسٹائل یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباء، فیصل آباد کے تمام کلاسیک آرٹس کے علاوہ ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی، سابق ڈائریکٹر آرٹس کونسل طارق جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد عمران رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد حیات نول، کیوریئر فریحہ غفار اور سلیم انصاری بھی موجود تھے۔آر۔ایم نعیم نے کہا کہ مجھے اس بھرپور شو میں شرکت کرکے بہت اچھا لگا اور یہ امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد آرٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کلاسیک اور ماڈرن آرٹ ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ ایک ہی مقصد کو آگے بڑھاتے ہیں۔سیمینار سے سلیم انصاری، فہیم طفیل، سعید ندرت،طارق جاوید اور عدنان بیگ نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں آرٹس کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔