فیصل آباد (حمزہ اکرم )زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو نئی جدتوں سے ازسرنو آراستہ کرنے کے نظام کا آغاز ہو گیا۔طلبہ کیلئے موجودہ بسوں کی تعداد میں اضافے کیلئے دو نئی بسیں شامل کرنے کے علاوہ مزید بسیں بھی خریدی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی کے انتظامی افسران اور موٹر پول کے عملے کے ہمراہ دو نئی بسوں کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھنگ روڈ پر واقع پارس کیمپس اور شہر سے روزانہ ہزاروں طلبہ و طالبات کو کیمپس لانے اور واپس لے جانے کیلئے بسوں کی تعداد میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جسے پورا کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عنقریب سٹیٹ اف دی آرٹ موٹر پول گوبندپورہ گیٹ کے بالمقابل تعمیر کیا جائے گاجس میں جدید سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ٹریژرر عمر سعید قادری نے کہا کہ یونیورسٹی نے یہ دو بسیں اپنے وسائل سے بیڑے میں شامل کی ہیں جبکہ ان کی تعداد میں اضافے کیلئے مزید وسائل کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پرانی بسوں کی اوور ہالنگ اور مرمت کیلئے بھی یونیورسٹی اپنے وسائل سے انہیں دوبارہ قابل استعمال بنا رہی ہے۔پرنسپل آفیسرامور طلبہ پروفیسر ڈاکٹر شہباز طالب ساہی نے کہا کہ طلبہ کی سہولتوں کیلئے یونیورسٹی تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ٹرانسپورٹ سسٹم کی اپگریڈیشن اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ناظم امور طلبہڈاکٹر ندیم عباس نے کہا کہ کیمپس کے اندر شٹل بس سروس کی تیز رفتار سہولت سے ہاسٹلز میں مقیم طلبہ و طالبات بھر پور استفادہ کر رہے ہیں اور اس میں مزید وسعت لانے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں،ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں،ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر باجوہ،ڈاکٹر شہباز طالب ساہی،ڈاکٹر ندیم عباس،عمر سعید قادری اور ڈاکٹر محمد اعظم خاں سمیت تمام انتظامی افسران نے پودے بھی لگائے۔