فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے چوہدری محمد آصف نے کہاہے کہ شہری ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں صنعتکاروں اور کاروباری طبقہ کے مفادات کو مقدم رکھاجارہاہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے یہ بات آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسینگ ملز ایسوسی ایشن(ایپٹما)کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مینجنگ ڈائریکٹرواسا خالد رضا خاں اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین ایپٹما حافظ شیخ محمد اصغر قادری، حبیب گجر، انجینئر رضوان اشرف، انجینئر مزمل وڑائچ، باؤ امجد،شفیق رفیع، میاں لطیف، غلام جیلانی، چوہدری عابد، میاں اشفاق، حاجی اکرم ضیاء ودیگر ایگزیکٹو ممبرز اور اراکین تقریب میں موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مدعو کرنے پر ایپٹما منتظمین کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ ان کو درپیش مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو ناگزیرسمجھتے ہیں کیونکہ اجتماعی دانش سے مسائل کا صحیح استعمال اور دیر پا منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ شہرکی تعمیر وترقی اور عوامی بھلائی کے فلاحی منصوبوں اور حکومتی اقدامات کو کامیا ب بنانے میں مقامی صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری طبقہ نے قابل رشک کردار ادا کرکے شاندار روایات قائم کی ہیں جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے اور واسا کی سروسز کے میعار میں مزید بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں اس سلسلے میں متعدد اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیاگیاہے جس کے تحت ضلعی انتظامیہ اوردیگر اداروں کے اشتراک سے شہری خوبصورتی اور ماحول کو مزید خوشگوار بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایف ڈی اے کی ہیلپ لائن 1237کے ذریعے گھر بیٹھے سروسز کے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں جبکہ جائیدادوں کے مالکان کو سمارٹ کارڈ کے اجراء کا سلسلہ بھی شروع کردیاگیا ہے جس سے ریکارڈ محفوظ اورشفافیت کے علاوہ کسی قسم کی دھوکہ دہی کے احتمال کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ٹیپا کو فعال بنایا جارہا ہے اس سلسے میں کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل گئی ہیں۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے ترقی کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ وہاں پچاس کروڑ روپے کے فنڈز سے اسٹیٹ آف آرٹ سپورٹس کمپلیکس کا میگا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس میں انڈور کھیلوں کی سہولیات کے لئے اعنقریب ممبر شپ کا آغاز کیاجارہاہے۔