فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہا ہے کہ نا اہل اور کام چوروں کیلئے کمپنی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ فیسکو افسران او رملازمین صارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیں وہ فرسٹ سرکل کے دورہ کے موقع پر افسران سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرچیف کمرشل آفیسر محمد نواز اور چیف انجینئر آپریشن غلام فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہکمپنی کے اچھے امیج کیلئے کام کریں اور کسٹمر کئیر کو اپنی اولین ترجیح بنا لیں کیونکہ ایک مطمئن صارف ہی کمپنی کی بہترین کارکردگی کا عکاس ہوتا ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ صارفین کے مسائل حل کرنے کے لئے متحرک ہو جائیں وزارت توانائی پاور ڈویژن کی طرف سے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کا رلائیں۔ صارفین کی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چاہئیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمر خرابی کی صورت میں فوری اس کو تبدیل کروائیں اورخراب ٹرانسفارمر کو فیسکو ورکشاپ سے مرمت کروائیں تاکہ صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انھوں نے سرکل بھر میں بجلی چوری کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج یقینی بنایا جائے اور جرمانوں کی وصولی تیز کی جائے اورمنظم کارروائی کرتے ہوئے نائٹ ریڈ کئے جائیں تاکہ بجلی چوری کا قلع قمع کیا جاسکے۔انہوں نے سٹاف کو کام کے دوران مکمل ٹی اینڈ پی اور حفاظتی اقدامات کے تحت کام کرنے اورڈیفالٹرز سے ریکوری مہم کو تیز کرنے کے احکامات بھی دئیے۔ قبل ازیں سپرنٹنڈنگ انجینئر فرسٹ سرکل محمد سعید نے فیسکو چیف کو سرکل کے صارفین کی سہولت کیلئے جاری اقدامات کے بارے میں مکمل بریفنگ دی اور بتایا کہ سرکل بھر میں ڈی فٹنگ سیٹ،پرانی تاروں اور دیگر خراب میٹریل کی تبدیلی کا کام جاری ہے۔صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بجلی چوری کے خلاف بھی بھرپورمہم جاری ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف درجنوں ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں جبکہ ان کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔سیفٹی اصولوں پر عملدرآمد کیلئے سیفٹی انسپکٹرز پوری طرح متحرک ہیں جبکہ ریکوری کیلئے ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔اجلاس میں سرکل کے تمام ایگزیکٹو انجنئیرزاور ایس ڈی اوزنے شرکت کی۔