فیصل آباد( محمد حمزہ)محکمہ زراعت توسیع نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں جعلی کھاد تیار کرنے والی فیکٹری پکڑلی جہاں جعلی ڈی اے پی اور سنگل سپر فاسفیٹ تیار کی جا رہی تھی۔مالک کے پاس کھاد تیار کرنے کا لائسنس موجود نہ تھا۔ٹیم نے40 لاکھ روپے کی غیر معیاری کھاد قبضہ میں لے کرتھانہ فیڈک میں بطور مال مقدمہ جمع کرادی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)چوہدری خالد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ منورحسین کی زیر نگرانی محکمہ زراعت (توسیع) جھمرہ نے دبنگ کارروائی کی۔یہ فیکٹری ارشاد احمد بھٹی نامی شخص چلا رہا تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) نے بتایا کہ جعلی کھاد تیار کرنے والے معاشرتی ناسور ہیں جو کہ غذائی خودکفالت میں بہت بڑی رکاوٹ ہے جن کا محاسبہ کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اورملزم پکڑنے کے لئے کارروائی جاری ہے۔