فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل فیصل سلطان بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈائریکٹرز لیبر نے بھٹوں پر جبری مشقت کے حوالے سے شکایات اور ان کے ازالہ،کم ازکم اجرت کے قانون کے نفاذ،ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی کی جانب سے نئے رجسٹریشن کارڈ کا اجراء،بھٹہ مالکان کی طرف سے کنٹری بیوشن،ڈائریکٹر ای او بی آئی کی جانب سے کارڈز کے اجراء پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنرنے بھٹہ ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے اور محکمہ لیبر،سوشل سکیورٹی سمیت دیگر محکموں کو ذمہ داری ادا کرنے کی ہدایت جاری کی اور بھٹہ مالکان کو تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ آجر اور اجیر کے مابین خوشگوار ماحول میں ہی صنعتی ترقی کا راز مضمر ہے لہذامعاملات کو باہمی افہام و تفہیم سے ہی حل ہونا چاہیے۔ڈپٹی کمشنرنے بھٹہ ورکرز کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اس سلسلے میں متعلقہ لیبر قوانین پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔اجلاس میں مزدور رہنما،بھٹہ مالکان بھی موجود تھے جنہوں نے اپنا اپنا موقف پیش کیا۔