فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے یکم جنوری 2023 سے ہر اتوار کو باغ جناح میں قائم چلڈرن لائبریری میں پبلک وپرائیویٹ سکولوں کے چھوٹے بچوں کو کتب بینی سمیت تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے میگا پروگرامز منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن لائبریری کا دورہ کرکے چھوٹے بچوں کے لئے دستیاب تفریحی سہولیات کا جائزہ لیااور کہا کہ باغ میں والدین کے ہمراہ سیر وتفریح کے لئے آنے والے بچوں کو لائبریری میں بہترین سہولیات میسر رہنی چاہیں جبکہ لائبریری کے اوقات کار کو بھی بڑھایا جائے۔انہوں نے لائبریری میں بچوں کے لئے کتب،کھلونے ودیگر سہولتیں دیکھیں اور کہا کہ انہیں وسعت دینے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یکم جنوری سے ہر اتوار کو صبح دوگھنٹے ایونٹ منعقد ہوگا جس میں بچوں کو معلوماتی ڈاکومنٹری دکھانے کے علاوہ کتب بینی اور پینٹنگز کے مقابلے بھی کرائے جائیں گیاس ضمن میں پی ایچ اے کو سرکاری ونجی سکولوں کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے پلان وضع کرنے کا ٹاسک بھی تفویض کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ لائبریری سے ملحقہ جگہ پر بچوں کے والدین اور اٹنڈنٹس کے بیٹھنے کے بھی مناسب انتظامات ہونے چاہیں۔انہوں نے لائبریری کی انتظامیہ سے کہا کہ بچوں کا ٹرن آؤٹ بڑھانے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔