فیصل آباد(حمزہ اکرم)سیکرٹری آرکائیوزپنجاب/انچارج انسداد ڈینگی اقدامات ضلع فیصل آباد ثاقب منان نے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کے ہمراہ لائلپور پارک راجہ والا کے تالاب میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑیں۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر برائے انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین،ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز شاہد مقبول اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ سیکرٹری آرکائیوز پنجاب نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے انسدادی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرویلنس سرگرمیوں کے ساتھ صاف پانی کے تالابوں میں ڈینگی لاروا کو کھانے والی تلاپیہ مچھلیاں چھوڑی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی میں کیمیکل نہیں ڈالا جاسکتا لہذا انتظامی حل کے طور پر تلاپیہ مچھلیوں کے ذریعے لاروا کا خاتمہ ممکن ہوسکتاہے جس پر باقاعدگی سے عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ڈینگی لاروا کی پیدائش روکنے کے لئے اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول پر خصوصی نظر رکھیں اورکسی جگہ پانی کھڑا نہ رہنے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر گھروں،دکانوں،فیکڑیوں،کارخانوں،دفاتر اوردیگر علاقوں کی چھتوں پر صفائی کویقینی بنایا جائے کیونکہ اس وقت موسمی درجہ حرارت ڈینگی لاروا کی افزائش کے لئے موزوں ہے لہذا احساس ذمہ داری بے حد ضروری ہے تاکہ ڈینگی وائرس پھیلنے کے خدشات باقی نہ رہیں۔انہوں نے واسا،محکمہ صحت،فشریز،ماحولیات ودیگر محکموں سے کہا کہ وہ ڈینگی کے خلاف اقدامات میں پوری تندہی اورمحنت سے کام کریں اس سلسلے میں سماجی تعاون حاصل کرنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی مچھر کی روک تھام کیلئے ہرممکن انسدادی و احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں گھر گھر سرویلنس کے علاوہ لاروا کی افزائش روکنے کے لئے ممکنہ ذرائع کی کیمیکل ٹریٹمنٹ بھی کی جارہی ہے جبکہ تالابوں میں مچھلیاں چھوڑنے کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔