فیصل آباد(حمزہ اکرم)صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات چوہدری علی افضل ساہی نے کہا ہے کہ فیصل آبادکو بڑا ڈویلپمنٹ پیکج لیکر دوں گا۔گڈ گورننس اورڈلیوری نظر آئے گی۔انہوں نے کہاکہ سابقہ محرومیاں دور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اس ضمن میں زیروٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں بننے والی سٹرکوں کا معیار عوام دیکھیں گے۔وہ دورہ فیصل آباد کے موقع پر سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے کہا کہ 12 کروڑ روپے سے امین پور روڈ کی تعمیر ومرمت وبحالی کا کام آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہوجائے گا جس سے شہریوں کو معیاری،آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے دوران چک 30 ج۔ب میں سابق ڈی ایس پی عاشق جٹ کے ڈیرہ پر اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ٹکٹ ہولڈر چوہدری ندیم آفتاب سندھو اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مواصلات وتعمیرات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سٹرکوں کی تعمیرومرمت وبحالی پر خصوصی توجہ مرکوز اور فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امین پور روڈ کی تعمیر سے لوگوں کو شہر آنے میں سہولت میسر ہوگی۔صوبائی وزیر نے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے کہا کہ سٹرک کی تعمیر میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور وہ کسی بھی وقت اچانک انسپکشن بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل موجودہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات چوہدری علی افضل ساہی نے سرکٹ ہاؤس میں ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کرانے والے محکموں کے افسران سے میٹنگ کی۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طاہر اقبال،چیف آفیسر ضلع کونسل غلام دستگیر،میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد مسلم اور ہائی ویز کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر نے مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کیں جبکہ شہریوں کے بعض مسائل سنتے ہوئے محکموں کو ان کے حل کی ہدایات دیں۔