فیصل آباد(حمزہ اکرم)ایف ڈی اے کی تمام مشینری و گاڑیوں کو فعال رکھاجائے تاکہ محکمانہ اقدامات میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ یہ ہدایت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عابد حسین بھٹی نے ادارہ کی مشینری و گاڑیوں کی انسپکشن کرتے ہوئے جاری کی۔انہوں نے ٹیکنیکل و مکینیکل سٹاف کے ہمراہ وائر باؤزر، ٹریکٹرٹرالیوں ودیگر مشینری کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہو ئے ہدایت کی کہ ان کی حفاظت، دیکھ بھال اور تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے کیونکہ یہ ادارہ کا اثاثہ ہیں جو محکمانہ سروسز کی فراہمی میں بڑی اہمیت و افادیت کا حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹیکنیکل سٹاف اور ڈرائیورحضرات کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ تمام تر مشینری و گاڑیوں کو ناکارہ ہونے سے بچائیں اور کسی قسم کے نقص کی صورت میں فوری مرمت و بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا اس مشینری و گاڑیوں کی ڈیوٹی سے متعلق تمام ریکارڈ شفا ف انداز میں مرتب ہوناچاہئے اس سلسلے میں غفلت یاکوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے ٹرانسپورٹ سٹاف کو تاکید کی کہ وہ مشینری و گاڑیوں کے استعمال کے بارے میں روزانہ رپورٹ مرتب کرکے انہیں فراہم کریں اور کسی بھی مشینری کے خراب ہونے پر فوری اطلاع کی جائے تاکہ اسکی مرمت و بحالی کیلئے بلاتاخیر اقدامات کئے جاسکیں۔