فیصل آباد(حمزہ اکرم)حکومت پنجاب کی طرف سے نئے تعینات ہونیوالے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیاہے۔ ایف ڈی اے کے افسران اور ایمپلائزیونین کے ارکان نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے نے افسران و سٹاف کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیلئے ٹیم ورک کو نیتجہ خیر بنایا جائیگا۔انہوں نے اپنی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ایف ڈی اے کو مزید فعال اور متحرک ادارہ بنانے کیلئے نئے عزم سے محکمانہ خدمات انجام دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے سٹا ف کو تاکید کی کہ وہ فرض شناسی، محنت، ذہانت اور وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھیں اور درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف فراہم کرنے کیلئے خلوص نیت سے فرائض انجام دئیے جائیں انہوں نے ایف ڈی اے کے تمام شعبہ جات کے فرائض منصبی، کارکردگی، درپیش مسائل اور درکار وسائل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ایف ڈی اے کی سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نئے منصوبہ جات وضع کرنے پر غور کرینگے۔افسران اور سٹاف نے محکمانہ سروسز میں مزید بہتری لانے کیلئے اپنے بھرپور محکمانہ تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ مقررہ کردہ اہداف کے حصول کیلئے اپنی کوششوں کو مربوط بنائینگے۔