فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ لیبر سے متعلقہ قوانین کو یکجا کرنے اور آجر اور اجیر سمیت حکومتی اداروں کیلئے قابل قبول بنانے کیلئے موجودہ مسودہ قانون پر مزید غور و خوض کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ وزارتوں کو باقاعدگی اور تسلسل سے اجلاس طلب کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل سیکورٹی کی طرح حکومت لیبر قوانین کو بھی موجودہ زمینی حقائق کے مطابق بنانے کیلئے ٹھوس اور طویل المدتی قانون سازی کر رہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت عنصر مجید خان نیازی کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس اہم اجلاس میں ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر خرم طارق اور سوشل سیکورٹی بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین شاہد احمد شیخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں ایک ابتدائی مسودہ پر بھی غور کیا گیا تاہم اس قانون کو جامع اور متحرک بنانے کیلئے اس قسم کے مزید اجلاسوں کی ضرورت ہے تاکہ 39قوانین کو یکجا کر کے تمام فریقین کیلئے قابل قبول بنانے کے علاوہ اس سے صنعتی ترقی کی رفتار کو بھی مزید تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو توقع ہے کہ حکومت اس سلسلہ میں عجلت سے کام نہیں لے گی اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نئی قانون سازی کی جا سکے گی اور اس سے آجر اور اجیر کے خدشات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ صنعتی ترقی کی رفتار کو بھی مزید تیز کیا جا سکے گا۔