فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کی زیر صدارت فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی 8 ویں سالانہ جنرل میٹنگ منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر/ مینیجنگ ڈائریکٹر فیصل آباد پارکنگ کمپنی کاشف رضا اعوان نے کمپنی کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پارکنگ کمپنی کی سروسز کے معیار کو عوامی توقعات سے بڑھ کر ہونا چاہیے۔انہوں نے شہر میں پارکنگ سے متعلقہ مسائل کے قابل عمل حل کیلئے موثراقدامات کی تاکید کی اور کہا کہ کمپنی کی پارکنگ سائٹس پر ڈویلپمنٹ کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے پارکنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو پارکنگ کمپنی سے کوآرڈینیشن میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کمپنی کے ارکان کی طرف سے بعض تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پارکنگ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور شہریوں کو معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ایم ڈی نے کمپنی کے انتظامی ومالیاتی امور اور پارکنگ سائٹس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔سیکرٹری آرٹی اے محمد سرور، بورڈ آف ڈائریکٹرکے ارکان ذیشان عابد،رانا فیاض ودیگربھی شریک تھے۔