فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)چوہدری خالد محمود نے کسانوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات،کھادوں کی دستیابی ومقررہ نرخوں پر فروخت،انسداد سموگ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے مختلف فصلوں کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی زرعی پالیسیوں کے ثمرات براہ راست کسانوں تک پہنچانا ترجیح ہے جس کے لئے تمام متعلقہ محکمے نہ صرف آپس میں کوآرڈینیشن کو مربوط بنائیں بلکہ کاشتکاروں سے قریبی رابطہ قائم کریں تاکہ کمیٹی کے قیام کے مقاصد بھی حقیقی معنوں میں حاصل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ کسانوں کا تعاون بھی ضروری ہے لہذا فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے اس ضمن میں دیہاتوں میں جاکر آگاہی پیدا کریں۔انہوں نے ٹریکٹر/ ٹرالی حادثات کے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ ریفلیکٹرز کی تنصیب کرائیں۔انہوں نے کھادوں کی شفاف فروخت کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ کھاد مقرر کردہ نرخوں پر ہی فروخت ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے غیر معیاری،ناقص کھاد وبیج تیار وفروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ آئندہ اجلاس میں کیسز کے اندراج،کورٹ میں کیسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کھادوں کی ذخیرہ اندوزی کی مکمل انداز میں روک تھام کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ زراعت کی ٹیمیں اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کی سخت گرفت میں لائیں۔انہوں نے دیہاتوں میں تربیتی سیشنز کے انعقاد پر زور دیا۔انہوں نے نہری پانی کی چوری کے متعلق کئے جانے والے اقدامات کے بارے کینال مجسٹریٹ سے بریفنگ لی اور کہا کہ اس ضمن میں زیروٹالرنس پالیسی ہے۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے لائیوسٹاک کے پروگرامز اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔