فیصل آباد(محمد حمزہ ) ایف ڈی اے کی تمام برانچزکے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو تیز رفتارریلیف فراہم کیاجاسکے گا اس ضمن میں ڈیجیٹل ٹرانسفر آپریشن کے ذریعے اب 21دن کی بجائے سات دن میں پراپرٹی کی منتقلی کا کام مکمل کیاجارہاہے ۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر نے ایک اجلاس کے دوران مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے بتایاکہ ایف ڈی اے کے انتظامی امور کو جدیدتقاضوں سے اہم آہنگ کرنے کیلئے ہمہ نوعیت کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ سروسز کے معیار میں اضافہ اور درخواست گزاروں کے کام تیزی سے نمٹانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے ۔انہوں نے ڈیجیٹل ٹرانسفرآپریشن کے نظام کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ پراپرٹی کی منتقلی سے متعلق ہرطرح سے مکمل کیس کو سات دن میں نمٹایا جائے اس ضمن میں کوئی شکایت نہیں آنی چاہئے۔
انہوں نے بتایاکہ لیگل برانچ کے ریکارڈ کی ڈیجٹیلائزیشن سے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی بروقت اور موثر انداز میں پیروی ہوسکے گی جبکہ پورٹل پر تازہ ترین محکمانہ کارروائی سے آگاہ رہنے کے باعث کسی شعبہ میں کوئی فائل زیر التواء نہیں رہے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے تمام شعبوں کے انچارج افسران کوہدایت کی کہ وہ ماتحت عملہ کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور شہریوں کا کوئی جائز کام تاخیر کا شکار نہیں ہوناچاہئے ۔ انہوں نے خبردار کیاکہ دفتری امور نمٹانے میں تاخیری حربے استعمال کرنے اور بلاجواز رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ ہوگالہٰذا سٹاف کوچاہئے کہ وہ دیانتداری سے فرائض انجام دیتے ہوئے شہریوں کو تیز رفتار ریلیف فراہم کریں تاکہ عوامی اعتمادمیں مزید اضافہ ہو۔