فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کے دوران ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں سات غیر منظور شدہ رہائشی سکیموں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار اور ان کے دفاتر کو سربمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی نجی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو سات ہاؤسنگ سکیموں کو ایف ڈی اے سے غیر منظور شدہ پایا جن میں چک نمبر 219 رب میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیم بلال ٹاؤن،رفیق کالونی، بغداد سٹی، رحمان سٹی اور اضافی آبادی،چک نمبر117ج ب میں عمر بلال اور چک نمبر202رب میں اضافی آبادی شامل ہیں۔انفورسمنٹ ٹیم نے قانونی شکنی پر ان ہاؤسنگ سکیموں کے بعض غیر قانونی تعمیراتی کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا جبکہ ان کے دفاتر کو سیل کردیاگیا۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے متنبہہ کیاگیاہے کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے اجراء کیلئے قانون شکنی سے گریز کیاجائے اس ضمن میں قانونی اور محکمانہ تقاضے پور کے کرکے ایف ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کے دوران کوئی رعایت نہیں کی جائیگی اور سنگین خلاف ورزیوں پر قصورداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں.