فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر کی ہدایت پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کریک ڈاؤن کے دوران مختلف علاقوں میں 2غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمارکردیا جبکہ بلڈنگ لاز کی خلاف ورزی پر ملت ٹاؤن میں پلاٹ کوسیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کی جانچ پڑتال کی تو چک نمبر245ر۔ب میں کینال سٹی اور چک نمبر242ر۔ب کی اراضی پر بننے والی اضافی آبادی کو غیر قانونی پایا جن کے عارضی دفاتر کی عمارات اور دیگر نوعیت کی تعمیرات کو بھاری مشینری سے مسمار کرکے وہاں سے اشتہاری فلیکسز کو اتار دیاگیا اور ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ قانون شکنی سے بازرہیں بصورت دیگر ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔عوام الناس کو آگاہ کیاگیاہے کہ وہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے سے قبل ان کے ریکارڈکی جانچ پڑتال ضرورکرلی جائے تا کہ بعد انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اس ضمن میں ایف ڈی اے سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ملت ٹاؤن میں زیر تعمیر پلاٹ نمبر96 ڈی کو سیل کردیا اور تعمیرات گرا کر ضروری کھلی جگہ کو خالی کردیا گیا۔