فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی)چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیربشیراحمد نے کہا کہ صارفین کی سہولت کیلئے مرحلہ وار کسٹمرسروسز کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریجنل کسٹمرسروسز سنٹر اور اورماڈل سروسزسنٹر پیپلز کالونی کو سٹیٹ آف دی آرٹ اور کسٹمر فرینڈلی کر دیا گیا ہے جبکہ صارفین کے دفاتر کے بے جا چکر لگانے سے نجات کیلئے فیسکو لائیٹ موبائل ایپ بھی متعارف کرا دی گئی ہے وہ فیسکو ریجنل کسٹمرسروسز سنٹر کا دورہ کر رہے تھے۔ انھوں نے کسٹمر سروسز میں جدید ٹوکن مشین اور مختلف کاؤنٹر زکا معائنہ کیا اور اس پر تعینات عملے سے سوالات بھی کئے۔ انھوں نے کہا کہ معذوروں، سنئیر شہریوں او ر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے علیحدہ کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں بغیر انتظار کے ان کی شکایات کو فوری اٹینڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجن بھر کے آٹھ اضلاع کے صارفین کیلئے جدید موبائل ایپ فیسکو لائیٹ متعارف کر ا دی ہیجو اینڈرائیڈ موبائل فون کے ایپ سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے موبائل میں انسٹال کی جاسکتی ہے۔ صارفین اس موبائل اپلیکیشن پر اپنا نام، ریفرنس نمبر، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر کی معلومات درج کر کے باآسانی رجسٹر ہو سکتے ہیں اوربعدازاں اپلیکیشن میں سائن ان ہو کر اس سے اپنا لوڈمینجمنٹ شیڈول، ڈوپلیکٹ بل، بجلی کے متعلق شکایات اور سابقہ مہینوں کی بلنگ کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں جبکہ آن لائن نیو کنکشن کے لنک سے گھر بیٹھے نئے کنکشن کی درخواست اور بل ایسٹیمیٹر(Bill Estimater)کے آپشن سے اپنے یونٹس کے استعمال کے حساب سے بل کی مالیت کا اندازہ بھی لگا سکتے ہیں۔فیسکوجدید اور بدلتے دور کی ضروریات کے پیش نظرآئی ٹی کے استعمال سے صارفین اور محکمہ دونوں کیلئے آسانیاں فراہم کر رہا ہے۔صارفین محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انھیں ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانے کیلئے مزید اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں صارفین کے مسائل کے حل کیلئے آن لائن کچہریاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں جو صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے جلد ازالے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔