فیصل آباد( حمزہ اکرم) ٹریفک قوانین سے آگاہی اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ ڈائریکٹو ریٹ فیسکوکی جانب سے ا اٹلس ہونڈا کے تعاون سے فیسکو ریجنل ٹریننگ سنٹر میں آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن ٹریننگ کلاسسز، ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ ڈائریکٹو ریٹ کے سیفٹی انسپکٹرز اور سٹاف نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی محمد سعید رضا، ریجنل منیجر سیفٹی اٹلس ہونڈا ریاض احمد زاہداورانچارج سٹی ٹریفک ایجوکیشن یونٹ سلیم اختر سیال نے اس موقع پر کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک کے نظام کو بحال رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی طرف سے قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان اور جرمانے تو کئے جاتے ہیں لیکن عوام میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ آگاہی روکشاپ کا مقصد فیسکو ملازمین میں یہ شعو اجاگر کرنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔جشن آزادی کے سلسلہ میں کیک کاٹا گیا اور روڈ سیفٹی کے حوالہ سے سیفٹی واک کی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس آگاہی مہم کے ذریعے فیسکو ایمپلائز کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے شاہراوں پر غلط پارکنگ، بغیر ہیلمٹ اور بیک ویو مررز کے موٹر سائیکل، بغیر سیٹ بیلٹ کے کار چلانے اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ تمام سیفٹی انسپکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی کہ وہ اپنے سرکلز میں الیکٹریکل سیفٹی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی کی بھی ٹریننگ دیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچا سکیں۔ورکشاپ میں انچارج سٹی ٹریفک ایجو کیشن یونٹ سلیم اختر سیال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اٹلس ہونڈا محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر فیسکو ریجنل ٹریننگ سنٹر میاں محمد امجد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد محمودنے بھی شرکت کی۔