فیصل آباد (حمزہ اکرم ) فرانسیسی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر رچرڈ گیٹن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اوریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں تحقیقی تعاون، طلباء اور فیکلٹی کے تبادلے، سمر پروگرامز (شارٹ کورسز) اور طلباء کے لیے وظائف زیر بحث آئے۔فرانسیسی سائنسدان زرعی یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان،فرانسیسی سفارتخانے اور کیمپس فرانس کے اشتراک سے جاری بائیوپیکیجنگ پروجیکٹ کے حوالے سے یونیورسٹی کے دورے پر ہیں۔اجلاس میں پر ڈین فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمران پاشا، ڈاکٹر عامر شہزاد، ڈاکٹر رانا محمد عادل،نہال احمد خاں و دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے ٹریژرر عمر سعید قادری، لائبریرین عمر فاروق، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹرظہیر احمدظہیر اور دیگر سے بھی ملاقات کی۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے لوگوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیو پیکیجنگ ماحول دوست ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فرانسیسی شراکت کے ساتھ جاری تحقیقات کے ٹھوس نتائج مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی فوڈ سیکیورٹی، غربت کے خاتمے اور دیہی ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔