فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی انتظامیہ نے عوامی خدمت کی ایک اور اہم مثال قائم کردی،فری شٹل سروس برائے پناہ گاہ کا آغاز کردیا گیا جس کے تحت فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سروس شہر کے مختلف مقامات، فٹ پاتھس وگرین بیلٹس میں رات گزارنے والے مسافروں کو سٹی ٹرمینل میں قائم پناہ گاہ شفٹ کرے گی جہاں انہیں قیام وطعام کی معیاری سہولت فراہم ہوگی۔ڈویژنل کمشنر زاہد حسین اور ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کمشنر آفس میں شٹل سروس کا افتتاح کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،ایڈمنسٹریٹر فٹس راحت اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کے ایک اور فلاحی اقدام کو سراہا اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر فٹس کی طرف سے مزید گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دوردراز سے آئے ہوئے مزدور ومسافرجورات سٹرکوں وفٹ پاتھ پر گزارتے تھے انہیں عزت واحترام سے شٹل سروس کے ذریعے پناہ گاہ منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوامی خدمت میں پیش پیش ہے اور اس اقدام سے مسافروں کو سہولت ملے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسافروں کو فٹس اربن ٹرانسپورٹ کے ذریعے منتقل کرکے کھانے سے تواضع اور رات گزارنے کی معیاری سہولت فراہم کی جائے گی جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے جس کی تکمیل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔