فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں نجی شعبہ کی معاونت بھی قابل ستائش ہے جو طبی شعبہ میں اپنے وسائل سے صحت کی سہولیات فراہم کرکے انسانیت کی عظیم خدمت کر رہے ہیں.انہوں نے یہ بات دی یونیورسٹی آف فیصل آباد فیصل ٹاؤن ویسٹ کینال روڈ کے زیر اہتمام فری میڈیکل اینڈ فزیکل تھراپی کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیق الرحمن، ایڈیشنل رجسٹرار زاہدہ مقبول ودیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں دکھی انسانیت کی خدمت قرب الہی کا ذریعہ ہے اور اس نیک وفلاحی کام میں حصہ لینے والے معاشرے کی بڑی خدمت کر رہے ہیں،ضلعی انتظامیہ ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی گی۔انہوں نے کہا کہ فری میڈیکل اینڈ فزیکل تھراپی کیمپ کا انعقاد بڑا کارنامہ ہے جو کارخیر ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبہ میں سہارا بھی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خدمت خلق عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور انسانی فلاح کے لئے کام صدقہ جاریہ ہیں۔انہوں نے فری کیمپ کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے علاج معالجہ کی فراہمی کے لئے دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ڈائریکٹر فزیوتھراپی اینڈ الائیڈ سائینسز ڈاکٹر شاہد احمد ہیرا نے بتایا کہ دو روزہ فری کیمپ میں مریضوں کا میڈیکل چیک اپ،لیب ٹیسٹ،فزیکل تھراپی،آپتھامالوجی چیک آپ ودیگر طبی معائنہ کے علاوہ ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔