فیصل آباد(حمزہ اکرم)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے افسران پنجاب چیریٹی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہونے والی این جی اوز کے ریکارڈ کی کاؤنٹر چیکنگ کے لئے سرگرم ہیں اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں قائم ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ناصر چدھڑ اور ایس این اے ڈی سی آفس محمد امین بھی ان کے ہمراہ جبکہ میڈیکل سوشل آفیسر آسیہ فقیر حسین اور محکمہ سماجی بہبود کے افسران کے علاوہ جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور میاں کاشف فاروق اور مینجر عاصمہ مزمل بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز نے ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کا درکار ریکارڈ اور عطیات کی فراہمی کے ذرائع بارے تفصیلی دریافت کیا جبکہ این جی او کی ورکنگ سے متعلق بھی سوالات کئے۔جنرل سیکرٹری اور مینجر نے بتایا کہ بی کیٹگیری کی این جی او کے قیام کا بنیادی مقصد صحت کے شعبہ میں سہولیات فراہم کرنا ہے اور ڈونرز کے ذریعے مستقل بنیادوں پر ادویات،طبی مشینری وآلات کاعطیات وصول کرکے ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ان کی این جی او کا طرہ امتیاز ہے جس کا تسلسل برقرار رکھا جائے گااورپنجاب چیریٹی ایکٹ کے قواعد وضوابط کو آئندہ بھی ملحوظ خاطررکھیں گے۔