فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)پاکستان میں ٹھوس بنیادوں پرمعاشی اور معاشرتی تبدیلی لانے کیلئے خواتین کو آگے آنا ہو گا کیونکہ 50فیصد آبادی کو عضو معطل بنا کر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔ یہ بات معروف مذہبی سکالر اور مفسر محترمہ نگہت ہاشمی نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ربیع الاول کے سلسلہ میں سیرت النبی ؐ اور وومن ایمپاورمنٹ کے بارے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اسلامی تاریخ کے حوالے دیا اور بتایا کہ چودہ سو سال قبل خواتین نہ صرف گھریلو ذمہ داریوں کو پورا کرتی تھیں بلکہ کاروباری معاملات کو خوش اسلوبی سے چلا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی برحق ؐ نے خواتین کے حقوق پر خصوصی توجہ دی اور کہا کہ اُن پر کاروبار کرنے کی کوئی پابندی نہیں۔ تاہم انہیں اسلامی شریعت کے مطابق حجاب اور دیگر قوانین کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے خواتین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے یہ اعتراف کیا تھا کہ انہیں دو چیزیں بہت محبوب ہیں ایک عورت اور دوسری خوشبو۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر پابندیاں عائد کرنے کی بجائے انہیں معاشرے کا پیداواری حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والی خواتین کو دراصل دوہرا ثواب ملے گا پہلے اپنے گھر کی ذمہ داری کا جبکہ دوسرے مرحلہ میں اپنے خاندان کی خود کفالت کے ذریعے بھی اللہ تعالیٰ کی عنایات کی مستحق ٹھہریں گی۔ انہوں نے حضرت خدیجہ ؓ اور دیگر خواتین کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ اس زمانے میں کاشتکاری بھی کرتی تھی اور کئی ایک باغات کی مالک بھی تھیں۔ تاہم انہوں نے کہا حقوق و فرائض میں توازن ضروری ہے اور خواتین کو بہرحال اس توازن کو برقرار رکھنا ہو گا۔ انہوں نے اس تقریب کیلئے مدعو کرنے کا خاص طور پرصدر فیصل آباد وومن چیمبر محترمہ نگہت شاہد کا شکریہ ادا کیا۔ صدر محترمہ نگہت شاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر خواتین کے کردار کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے خواتین کو ہنر سکھانے پر زور دیا اور بتایا کہ فیصل آباد وومن چیمبر بہت جلد خواتین کیلئے کمپیوٹر، موبائل رپئیرز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ وغیرہ کے کورسز شروع کر رہا ہے جس سے خواتین گھر بیٹھے ہی اپنا روزگار شروع کر سکیں گی۔ انہوں نے انتہائی پر مغز اور پر اثر تقریر کرنے پر ڈاکٹر نگہت ہاشمی کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ نعت رسول مقبولؐ کی سعادت محترمہ ارم شہزاد ی نے حاصل کی۔ فاؤنڈر صدر محترمہ روبینہ امجد نے اس تقریب کے انعقاد پر صدر فیصل آباد وومن چیمبر محترمہ نگہت شاہد کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ حقوق و فرائض میں توازن بہرحال خواتین کیلئے ضروری ہے اور اس سلسلہ میں خواتین کو اپنے بچوں کی تربیت خالصتاً اسلامی اصولوں کے مطابق کرنا ہو گی۔ آخر میں محترمہ نگہت شاہد اور محترمہ روبینہ امجد نے ڈاکٹر نگہت ہاشمی کو تحائف پیش کئے جبکہ نگہت ہاشمی نے محترمہ شمع احمد، محترمہ نجمہ افضل، محترمہ زرقا طارق اور دیگر شرکاء کو کتاب کا تحفہ پیش کیا۔