فیصل آباد(حمزہ اکرم)چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد بلال فیروز جوئیہ نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کے غیر معمولی اقدامات اٹھائے جائیں۔مجالس و جلوس کے راستوں کی دو شفٹوں میں صفائی کروائی جائے۔امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ کوآرڈینیشن رکھا جائے تا کہ عزا داروں کو صفائی ستھرائی کی سہولیات میسر رہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر کی مرکزی امام بارگاہوں کے دورے کے موقع پر کیا۔منیجر آپریشنز عبداللہ نذیر باجوہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجالس کے روٹس پر روزانہ پانی کا چھڑکاو کیا جائے جبکہ نائٹ شفٹ میں ویسٹ پکرز بھی تعینات کئے جائیں۔منیجر آپریشنز عبداللہ نذیر نے بتایا کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران دن رات صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لئے پلان وضع کرتے ہوئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں جو محرم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران صفائی اور دیگر خدمات فراہم کر رہی ہیں۔جلوس کے راستوں پر چونے سے مارکنگ بھی کی جا رہی ہے، مینول صفائی اور معمول کی سکریپنگ کے کام بھی جاری ہیں۔