فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام نجی سکول بحریہ فاؤنڈیشن سکول میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار،سی ای او ایجوکیشن افتخار خان،ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر برائے انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین،چیئرمین پرائیویٹ سکول الائینس صداقت لودھی کے علاوہ اساتذہ اور طالب علم بھی موجودتھے۔سی ای او نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ طالب علموں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے آگاہی ناگزیر ہے۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر نے ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ لاروا کھڑے پانی میں نشوونما پاتا ہے۔انہوں نے احتیاطی تدابیر پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کی ضرورت پر زوردیا اورکہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کا سبق باربار دہرانے کی ضرورت ہے۔دیگر مقررین نے بھی ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی دی۔