یصل آباد28جولائی (حمزہ اکرم)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کے زیر اہتمام ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے حوالے سے سیمینار اور سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی جبکہ چیئرمین لیور فاونڈیشن ٹرسٹ ڈاکٹر زاہد یٰسین ہاشمی مہمان اعزاز تھے۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ فیصل آباد کا شمار بد قسمتی سے ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں پر ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد باقی شہروں کی نسبت کافی زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں بارہ ملین سے زائد افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں ون ہیلتھ پروگرام کے تحت بیماریوں اور ماحولیات کے حوالے سے تعلیم و تحقیق کا عمل جاری ہے جس کے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب ہونگے۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ حفظان صحت کے اصولوں کو اپناتے ہوئے طرز زندگی میں بہتری لائیں تاکہ ملکی سطح پر بڑھتی ہوئی بیماریوں کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے۔ڈاکٹر زاہد یٰسین ہاشمی نے کہا کہ غیر صحتمندانہ طرز زندگی کی وجہ سے بیماریوں میں بڑی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹاپا اوورزش نا کرنے کا رحجان افراد کو بیماریوں کی طرف دھکیلتا ہے۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سائنسدانوں پر زور دیا کہ بہتر خوراک کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ صحت کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے شرکا کو جگر کی بیماریوں کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جگر کی بیماری پر قابو پانے میں پروٹین ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ڈاکٹر بینش سرور نے کہا کہ لوگوں کو وٹامن ڈی اوروٹامن بی 12کا باقاعدگی سے ٹیسٹ کروانا چاہیے تاکہ کمی کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کیا جا سکے۔ڈاکٹر عمران ارشد نے ہیپاٹائٹس کے متعلق علاج اور اس سے بچنے کی تدابیر کے متعلق آگاہ کیا۔