فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے لاثانی پلی سرگودھاروڈ کے قریب ایک غیر منظور شدہ سکیم کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر کے دفتر کو سربمہر کردیاجبکہ مدینہ ٹاؤن میں چناب مارکیٹ کے قریب ایف ڈی اے کے چار کنال رقبہ کے پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے لاثانی پلی کے قریب چک نمبر 122 ج۔ب کی اراضی پر قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیم گرینڈ ویو سٹی کو خلاف قانون پایا تو اس میں بلااجازت تعمیراتی کاموں سیوریج،سٹریٹ لائٹس اور دیگر غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو فوری طور پر مسمار کر دیا گیا اور دفتر کو سیل کرکے ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں۔دریں اثناء ایک دوسری کاروائی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے چناب مارکیٹ مدینہ ٹاؤن کے قریب ایف ڈی اے کے ملکیتی پلاٹ پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام بنادی گئی اور قیمتی جانبدار کے تحفظ کے لیے وہاں پر سکیورٹی گارڈذ تعینات کر دیے گئے۔