فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈرگ سکواڈنے غیر قانونی طریقے سے جعلی ادویات کی تیاری پر مینوفیکچرنگ یونٹ سیل اور موقع سے تین افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ بڑی مقدار میں مختلف فرمز کی تیار کردہ ادویات ضبط کرلیں۔چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب اظہر جمال سلیمی کی ہدایات اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار کی زیرنگرانی ڈرگ انسپکٹرز خالد مصطفی اور محسن اصغر نے مشترکہ طور پر عیدگاہ روڈ نوابانوالہ میں یونٹ پر چھاپہ مارا تو وہاں مختلف فارماسیوٹیکل فرمز کی ادویات تیار کی جارہی تھیں۔موقع سے پیراسیٹامول،بروفن،فروسامائیڈ، ملٹی وٹامنزسمیت دیگر ادویات قبضہ میں لے لیں جو افغانستان کے مختلف شہروں میں براستہ پشاورسپلائی کرنے کا پروگرام تھا۔ڈرگ سکواڈ نے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوادیئے اور مالک کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمہ کے اندراج کے لئے تحریر کردیا۔